اسلام آباد کے تاجروں کا جمعرات کو ہر مارکیٹ میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
06اکتوبر2027

آل پاکستان انجمن تاجران نے مہنگی بجلی، ٹیکسز اور انتظامی اقدامات کے خلاف جمعرات کو ہرمارکیٹ میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کر دیاہے۔

انجمن تاجران کے رہنما اجمل بلوچ نے نیشنل پریس کلب میں دیگر تاجر رہنماؤں خالد چوہدری، سید الطاف حسین شاہ، اظہر آزاد، کامران کاکا خیل، راجہ ذوالفقار سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات 8 اکتوبر کو دن 2 بجے سے شام 5 بجے تک کاروبار بند رہے گا اور تمام تاجر اپنی اپنی مارکیٹوں کے باہر احتجاج کریں گے۔آبپارہ چوک میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

اجمل بلوچ نےمذید کہا کہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو وزیراعظم ہاؤس کی طرف مارچ کریں گے اور پورا اسلام آباد بند کر دیں گے۔اگر بات نہ سنی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی مناسب منصوبہ بندی نہیں، ہر مسئلے کا حل صرف ’’ڈنڈا‘‘ بنا دیا گیا ہے۔ مہنگی بجلی، ٹیکسز، نوٹسز اور مبینہ ہراسانی نے تاجروں کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ ایف بی آر کے نظام پر تحفظات ہیں، تاجروں کو دفاتر کے چکر لگانے سے نجات دلائی جائے۔

شاپنگ بیگز پر پابندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر شاپر بیگ غیر قانونی ہے تو یہ بن کہاں رہا ہے؟ حکومت مسئلے کی جڑ پر ہاتھ ڈالے، فیکٹریاں بند کرے۔ ایک عام دکاندار کوئی کرمنل، دہشت گرد یا اسمگلر نہیں۔ پہلے سستا اور قابل عمل متبادل فراہم کیا جائے، پھر قانون پر عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ:
– شاپر بیگ کا سستا متبادل فوری مارکیٹ میں فراہم کیا جائے۔
– غیر قانونی شاپر بنانے والی فیکٹریوں اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔
– تاجروں کو ہراساں کرنے کے بجائے اعتماد میں لیا جائے۔
– قانون پر عملدرآمد کے لیے واضح اور باعزت طریقہ کار بنایا جائے۔

اجمل بلوچ نے کہا کہ اگر حکومت ٹیکس لینا چاہتی ہے تو پہلے سستی بجلی، سکیورٹی، پارکنگ جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرے۔ ایسا نظام لایا جائے کہ تاجر موبائل فون سے خود ٹیکس ادا کر سکے۔ ڈنڈا چھوڑیں، راستہ نکالیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین