وزیراعظم شہبازشریف نے کشمیرچوک انڈرپاس منصوبے کاسنگ بنیاد رکھ دیا،ایک ماہ میں مکمل کرنیکا ہدف

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
06 اکتوبر 2026

وزیراعظم پاکستان نے اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف بھی دے دیاہے،منصوبہ پر1.4 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد سہیل چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے بریفنگ میں بتایا کہ منصوبے کی لاگت ابتدائی تخمینہ 1.6 ارب سے کم کر کے 1.4 ارب روپے کی گئی ہے۔ کشمیر چوک جنکشن سے اس وقت روزانہ تقریباً 107,000 گاڑیاں گزرتی ہیں جس کے باعث رش کے اوقات میں شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔

منصوبے کے تحت سرینا کی جانب سے آنے والی ٹریفک اور فیض آباد سے مری کی جانب جانے والی ٹریفک کے لیے مخصوص انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے۔ ٹریفک کی بہتر تقسیم کے لیے چار نئی سلپ روڈز بھی بنائی جائیں گی، جبکہ تقریباً پانچ ایکڑ اراضی بھی شامل کی جائے گی۔ اس منصوبے کو ایکسپریس وے کی مجوزہ توسیع کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد کو جدید اور عالمی معیار کے دارالحکومت میں تبدیل کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 31 دسمبر 2026 تک اسلام آباد کو پلاسٹک فری اور مکمل کیش لیس شہر بنانے، تمام لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے اور ایف-9 پارک کو لندن کے ہائیڈ پارک کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ 450 ایکڑ پر محیط سفاری پارک بھی تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کو تیز رفتاری سے شروع کرنے پر وفاقی وزیر داخلہ اور سی ڈی اے ٹیم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کا نام ’’کشمیر چوک‘‘ رکھنا کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام ہے۔ جدید انفراسٹرکچر کا براہ راست تعلق معاشی ترقی سے ہے اور اس منصوبے سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ 16 سے 18 منٹ تک کم ہونے کی توقع ہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین