راولپنڈی (ویب ڈیسک)
07اکتوبر۔2026
اٹک کے علاقے فقیر آباد ریلوے پھاٹک کے قریب سی سی ڈی اٹک اوراجرتی قاتلوں کے درمیان مبینہ مقابلہ میں دو ملزمان ہلاک جبکہ دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرارہو نے میں کامیاب ہوگئے۔
بتایاگیاہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان دو کروڑ کے عوض نوشہرہ کے دو شہریوں کے دوہرے قتل سمیت متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔
سی سی ڈی اٹک کی ٹیم کو صدر اٹک کے علاقے میں قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث خطرناک گینگ کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جو کے پی اور پنجاب میں اجرت لے کر قتل کرنے کے حوالے سے خوف کی علامت سمجھے جاتے تھے۔ ٹیم نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔
کراس فائرنگ کے دوران ملزمان کے کچھ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ تھمنے پر کے پی سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان طاہر زمان اور اعجاز احمد آفریدی ہلاک ہو گئے، جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔
حکام نے بتایا کہ گینگ کا سرغنہ شاہ سعود عرف یار جی قبل ازیں سی سی ڈی اٹک کے ساتھ مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔ ملزم اعجاز احمد آفریدی کا تعلق رنگ روڈ غریب آباد پشاور اور طاہر زمان کا تعلق چارسدہ اور حال گاؤں ہوائی اکوڑہ خٹک سے ہے۔
دیگر مقدمات کے علاوہ ملزمان ملہور موڑ ویسہ کے قریب دو کروڑ روپے کے عوض جبی نوشہرہ کے عاطف نیاز اور عبد الشکور کے دوہرے قتل میں مطلوب تھے۔
ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لیے سول ہسپتال اٹک منتقل کر دی گئیں جبکہ فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی ٹیم چھاپے مار رہی ہے۔





























