راولپنڈی(ویب ڈیسک)
08اکتوبر۔2026
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جسکے بعد رواں سال کیسز کی تعداد 46 ہوگئی ہے۔
ضلعی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ڈینگی کے 12 مریض اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ رواں سال ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال 5 ہزار 271 افراد کی ڈینگی اسکریننگ کی گئی جن میں سے 4 ہزار 860 مشتبہ کیسز سامنے آئے۔ اکتوبر میں اب تک 13 کیسز جبکہ ستمبر میں 27 کیسز رپورٹ ہوئے، اگست میں کوئی کیس سامنے نہیں آیاتھا۔
اس حوالے سے ڈینگی سرویلنس کی ضلع بھر میں 1400 ٹیمیں متحرک ہیں جن میں 415 آؤٹ ڈور اور 985 ان ڈور ٹیمیں شامل ہیں۔ سرویلنس کے دوران 53 لاکھ 28 ہزار 40 گھروں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 1 لاکھ 86 ہزار 707 گھروں سے لاروا برآمد ہوا۔
جبکہ 18 لاکھ 42 ہزار 948 مقامات کی چیکنگ میں 25 ہزار 595 مقامات مثبت قرار پائے۔ لاروا کی موجودگی پر 2 ہزار 798 ایف آئی آرز درج، 686 مقامات سیل اور 2 ہزار 331 چالان کئےگئے۔ 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ضلعی محکمہ صحت کی رپورٹ میں مذیدکہاگیاہے کہ 35 یونین کونسلز میں بریٹو انڈیکس 10 سے زائد رہا۔ سب سے زیادہ بریٹو انڈیکس چکلالہ کینٹ کے علاقے CTC-8 میں 22.29، تخت پری پوٹھوہار رورل R-103 میں 19.96، راولپنڈی کینٹ CTR-2 میں 18.46 اور CTR-14 میں 18.39 ریکارڈ کیا گیا۔ڈھوک نجو، ڈھوک بابوعرفان، رتہ امرال اور ہزارہ کالونی ڈینگی لاروا والے علاقوں میں سرفہرست بتائے گئے ہیں۔






























