اسلام آباد (ویب ڈیسک)
8 اکتوبر 2026
فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پرسی ڈی اے نے 92 عمارتیں سیل کردی ہیں جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی ہدایات پر کیپٹل ایمرجنسی سروسز (CES) نے ستمبر کے ایک مہینے میں مذکورہ کارروائیاں کی ہیں۔
سی ڈی اے کے بلڈنگ ایمرجنسی آڈٹ اینڈ پریوینشن ونگ کی جانب سے کمرشل، ہسپتالوں، رہائشی اور سرکاری عمارتوں کے وسیع پیمانے پر فائر لائف سیفٹی آڈٹس کیے گئے۔ کارروائیاں اسلام آباد فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز کے تحت کی گئیں۔
ستمبر کے دوران مختلف شعبوں میں 154 آڈٹس کیے گئے جن میں 115 ہسپتال، 29 سرکاری، 6 کمرشل اور 4 رہائشی عمارتیں شامل ہیں۔
فائر سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 92 مقامات سیل کیے گئے جن میں 78 کمرشل دکانیں، 8 بلند عمارتیں، 4 رہائشی عمارتیں اور 3 سرکاری عمارتیں شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران 288 چالان جاری کیے گئے اور مختلف کیسز میں 24 لاکھ روپے وصول کیے گئے جن میں کمرشل کیسز سے 17 لاکھ روپے جبکہ ہسپتالوں سے 7 لاکھ روپے شامل ہیں۔ مزید برآں 102 کمرشل فائر لائف سیفٹی پلانز کی فیس کی مد میں 5 لاکھ 10 ہزار روپے وصول کیے گئے۔
ہسپتالوں کے حوالے سے 150 ہسپتالوں میں فائر سیفٹی آلات کی ناکافی سہولیات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو فائر سیفٹی قوانین اور بلڈنگ کوڈز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔






























