اسلام آباد(ویب ڈیسک)
یکم نومبر 2026
چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سہیل اشرف نےاتوار کوکشمیر چوک انڈرپاس منصوبے کادورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران بریفنگ دی گئی کہ 31 اکتوبر 2026 تک صرف 22 روز میں منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ شدید بارش اور خراب موسم کے باعث دو روز تعمیراتی سرگرمیاں معطل رہیں، اس کے باوجود کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور منصوبہ مقررہ 30 روزہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا۔
یہ منصوبہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق جدید انفراسٹرکچر اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مکمل کیا جا رہا ہے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور محسن اسپیڈ اقدام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا افتتاح وزیراعظم نے کیا تھا اور وفاقی وزیر داخلہ نے اسے 30 روز میں مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت اور براہ راست نگرانی میں منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
چیئرمین نے افسران، انجینئرز اور تعمیراتی ٹیموں کو ہدایت کی کہ کام کی موجودہ رفتار برقرار رکھی جائے، وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کی تیز رفتار کاوشوں اور منصوبے پر نمایاں پیش رفت کو سراہا گیا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، رش میں کمی آئے گی اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو مزید ترقی یافتہ، خوبصورت، صاف ستھرا، سرسبز، ماحولیاتی طور پر پائیدار اور سیاحت دوست جدید دارالحکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے۔گ






























