اسلام آباد (ویب ڈیسک)
13 نومبر 2026
اسلام آباد ہائیکورٹ میں غلط بیانی کرنے پرسی ڈی اے کے کنٹریکٹ پرتعینات ممبر اسٹیٹ زمان وٹوکیخلاف توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ زمان وٹو کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے زمان وٹو اپنے وکیل کاشف ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
اسلام آبادہائیکورٹ نے کیس میں پراسیکیوٹر تعینات کر کے فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی تاہم زمان وٹو کی جانب سے ایک بار پھر غیر مشروط معافی نامہ داخل کرائے جانے کے باعث فرد جرم عائد نہ کی گئی۔
کاشف علی ملک ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ زمان وٹو نے عدالت سے غیر مشروط معافی کی درخواست دائر کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا آپ اپنی درخواست سے متعلق بیان حلفی منگل تک جمع کروادیں۔































