اسلام آباد (ویب ڈیسک)
13 نومبر 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی رہائش پر پابندی عائد کر دی ہے اوراساتذہ کوانتخابی و انتظامی ڈیوٹیوں سے بھی استثنیٰ دینے کاحکم دیدیا ہے جسکا باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیاہے۔
وزیراعظم کے احکامات کے مطابق وفاقی نظامتِ تعلیم (ایف ڈی ای) کے زیرِ انتظام کسی بھی اسکول یا کالج کی عمارت، کلاس روم یا دیگر سہولیات کو پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کسی بھی مقصد کے لئے استعمال نہیں کیاجا سکے گاجبکہ اساتذہ کو انتخابی فرائض، مردم شماری، گھریلو سروے اور دیگر انتظامی ذمہ داریوں پر بھی تعینات نہیں کیا جائے گا۔وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لئےباضابطہ آفس میمورنڈم بھی جاری کر دیا ہے۔
اس ضمن میں جاری مراسلے کے مطابق وزیراعظم کی جاری ہدایات میں واضح کیاگیاہے کہ وفاقی تعلیمی اداروں کی عمارتیں اور دیگر سہولیات صرف اورصرف تعلیمی مقاصد کے لئے ہی استعمال کی جائیں گی اورانہیں کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ اسکولوں اور کالجوں میں پولیس کیمپ قائم کرنے پربھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سرکاری مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی نظامتِ تعلیم کے زیرِ انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات کو پولیس یا کسی دوسرے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عارضی کیمپ، اہلکاروں کی تعیناتی، حراستی مراکز یا دیگر آپریشنل سرگرمیوں کے لئےاستعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
مراسلے کے مطابق تعلیمی اداروں کی عمارتوں اور سہولیات کو کسی بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے کے قبضے یا استعمال میں دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ سے تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ انتظامی فرائض لینے سے بھی روک دیا ہے۔سرکاری مراسلے کے مطابق ایف ڈی ای کے اساتذہ کوآئندہ انتخابی ڈیوٹیوں، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی کاموں کے لیے طلب نہیں کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم کی ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو پہلے ہی غیر تدریسی یا انتظامی ذمہ داریوں پر تعینات ہیں انکی متعلقہ ڈیوٹیاں فوری طور پر منسوخ کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی تدریسی ذمہ داریوں پر توجہ دے سکیں۔
وزارتِ وفاقی تعلیم کا جاری آفس میمورنڈم سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی بھجوا دیا گیا ہے تاکہ اس پر فوری عملدرآمد کو یقیننی بنایاجاسکے۔واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دورمیں وفاقی دارالحکومت میں احتجاجی مظاہروں و دیگر سیکیورٹی مقاصد کے لئے ملک کے دیگر صوبوں سے بلوائی گئی پولیس نفری کو مذکورہ عمارتوں میں رہائش گاہیں دینے کاعمل شروع کیاگیا تھا۔
جسکے بعد جب بھی دیگر صوبوں سے نفری اسلام آباد منگوائی جاتی تو اسے تعلیمی اداروں کی عمارتوں میں ٹھہرانے کا نہ ختم ہونیوالاسلسلہ جاری تھا جس پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لیکر اس پر پابندی عائد کی ہے۔































