شہری کو بیرون ملک جاتے آف لوڈ کرنے کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا

اسلام آباد

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری کو مبینہ طور پر آذربائجان جانے والی فلائٹ سے آف لوڈ کرنے کے متعلق معاملے پر دائر درخواست قانونی کارروائی کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست پر قانون کے مطابق انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ گزشتہ روز جسٹس ارباب محمد طاہر نے شہری احتشام الحق کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزار کی جانب سے لگائے گئے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں، اس لیے اس معاملے کو ڈی جی ایف آئی اے کے سامنے زیرِ التواء تصور کیا جائے۔ عدالت نے حکم دیا کہ عدالتی حکمنامے کی مصدقہ نقل ڈی جی ایف آئی اے کو ارسال کی جائے۔ تحریری حکمنامے کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کے عملے نے آذربائجان جانے والی فلائٹ سے بغیر کوئی وجہ بتائے زبردستی آف لوڈ کر دیا۔ درخواست گزار کے مطابق یہ اقدام غیر قانونی تھا اور عملے کی جانب سے پاسپورٹ پر آف لوڈنگ کی مہر بھی ثبت کی گئی۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پاسپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ سے آف لوڈنگ کی مہر ختم کی جائے، غیر قانونی آف لوڈنگ پر ہرجانہ ادا کیا جائے اور مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے کے الزامات کی آزادانہ انکوائری کرائی جائے۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ ایف آئی اے عملے نے 80 ہزار روپے رشوت طلب کی اور رقم کی ادائیگی پر سفر کی اجازت دینے کا کہا گیا۔ عدالت نے تحریری حکمنامے میں نشاندہی کی کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ درخواست گزار نے عدالت سے رجوع کرنے سے قبل ڈی جی ایف آئی اے کو اس معاملے پر کوئی درخواست نہیں دی۔ عدالت کے مطابق درخواست گزار پر لازم تھا کہ وہ پہلے متعلقہ افسر کے سامنے معاملہ رکھتا۔ ایف آئی اے نے اپنے جواب میں آف لوڈنگ، رشوت طلب کرنے اور دیگر الزامات کی تردید کی اور مؤقف اختیار کیا کہ اگر درخواست گزار شواہد فراہم کرے تو غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹاتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو حکم دیا ہے کہ وہ معاملے کی قانون کے مطابق انکوائری کرکے رپورٹ پیش کریں۔

مزیداسی طرح کی
Related

ڈیجیٹل ڈیزائنرحنا جاوید قتل کیس میں نیا موڑ،ملزم گھریلو ملازم کے اہلخانہ بھی سراپا احتجاج

اسلام آباد(ویب ڈیسک) 18اکتوبر2026 ڈیجیٹل ڈیزائنر حنا جاوید قتل کیس میں...

پی این سی اے میں بنگلہ دیشی ثقافتی وفد کی شاندار پرفارمنس، ہال تالیوں سے گونج اٹھا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) 17اکتوبر2026 پاکستان اور بنگلہ دیش کے ثقافتی روابط...

سلیکون ویلی میں پاک امریکہ ٹیک کنیکٹ 2026 کا کامیاب انعقاد، سفیرپاکستان رضوان سعید شیخ کی شرکت

سان فرانسسکو(ویب ڈیسک) 17اکتوبر2026 امریکہ کے مغربی ساحل پرسان فرانسسکو میں...

اسلام آباد کے آبی نظام کی جدید خطوط پر استواری، سی ڈی اے اور آئی ایف سی میں تعاون پر بات چیت

اسلام آباد(ویب ڈیسک) 17اکتوبر2026 وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی...

تازہ ترین