راولپنڈی : ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹرز نے 5 سالہ بچے کا مکمل کٹا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا

A568e1a9 D7d1 4f12 942e 9de8f3b0bfa5

راولپنڈی (سپیشل رپورٹر)
ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹرز نے ایک پیچیدہ اور کامیاب ری پلانٹیشن سرجری کے ذریعے 5 سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیاہے۔

جہلم کے رہائشی پانچ سالہ لڑکے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے مکمل طور ہر جسم سے الگ ہوگیا تھا۔کمسن لڑکے کو 28 اگست کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیاتھا۔

کامیاب مائیکرو سرجری:
ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ پلاسٹک سرجری کے ڈاکٹر طیب اور لیڈی ڈاکٹر عنبرین کی سربراہی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے بچے کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔

پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری کے ذریعے کٹے ہوئے ہاتھ کو دوبارہ جسم سے جوڑ دیاگیا۔سرجری کے دوران خون کی شریانوں، رگوں اور دیگر اہم ساختوں کو انتہائی مائیکرو تکنیک کے ذریعے بحال رکھا گیا، جس کے نتیجے میں ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوئی۔

ڈاکٹرز کا پیغام
ڈاکٹرز نے بتایا کہ کم عمر بچے میں ہاتھ کی ری پلانٹیشن انتہائی پیچیدہ اور وقت طلب سرجری ہوتی ہے۔ اس میں بروقت اسپتال منتقلی، کٹے ہوئے عضو کو درست طریقے سے محفوظ کرنا اور ماہر مائیکرو سرجیکل ٹیم کی دستیابی کلیدی کردار کی حامل ہوتی ہے۔

اہم ہدایت : ماہرڈاکٹرزنے کہاہے کہ کسی حادثے میں جسم کا کوئی عضو کٹ جائے تو اسے براہِ راست برف پر نہ رکھیں بلکہ صاف پلاسٹک بیگ میں محفوظ کریں۔ پلاسٹک بیگ کو برف والے دوسرے برتن میں رکھ کر مریض کو فوری طور پر ایسے طبی مرکز منتقل کیا جائے جہاں مائیکرو سرجری کی سہولت ہو۔

ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹرز کی بروقت کارروائی سے پانچ سالہ بچے کا کٹا ہوا ہاتھ کامیابی سے دوبارہ جوڑکربچے کوعمر بھر کی معذوری سے بچا لیاگیا ہے جس پربچے کے ورثاء نے غیر معمولی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھرپوردعائیں بھی دی ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین