
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)
سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے کیس میں توہین عدالت کی درخواست پرفوری سماعت کیلئے عظمیٰ خان کی جانب سے دائر دوسری درخواست بھی مستردکر دی گئی ہے۔
بیرسٹر گوہر کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے ملاقات میں 16 ستمبر سے قبل سماعت ممکن نہ ہونے بارے آگاہ کر دیا۔
درخواست مسترد
بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان نے دوسری مرتبہ توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کی تھی جو مسترد کر دی گئی ہے۔
توہین عدالت کی درخواست 16 ستمبر کو سماعت کیلئے مقررہے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کے مطابق پالیسی کے تحت ہر کیس اپنی باری پر مقررہوتا ہے۔ رجسٹرار نے بتایا کہ توہین عدالت کی 94 درخواستیں پہلے سے زیر التوا ہیں۔
بیرسٹر گوہر کی ملاقات
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بھی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کیلئے سپریم کورٹ آئے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کا معاملہ ہے۔توہین عدالت درخواست جلد سنی جائے۔اس سلسلے میں آج پھر رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی۔
رجسٹرار نے بتایا کہ فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست بھی زیر التواہے۔ رجسٹرار نے آگاہ کیا کہ ججز بھی اس ہفتے دستیاب نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رجسٹرار کے مطابق کیس خصوصی بنچ نے سنا اورکیس اسی بنچ کے سامنے 16 ستمبر کو مقررکیا گیا ہے۔
"ہمارا ہمیشہ موقف رہا کہ عدلیہ سے انصاف ملنا چاہیے”۔ بیرسٹر گوہر نے مذیدکہا معاملہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ہسپتال منتقلی کا ہے جس کی وجہ سےفوری سماعت چاہتے ہیں۔































