اسلام آباد(ویب ڈیسک)بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 78ویں برسی کے موقع پرچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قائدِ اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت اور سیاسی جدوجہد نے قیامِ پاکستان کو ممکن بنایا۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی انصاف، دیانت اور قانون کی حکمرانی کی عملی مثال تھی۔ قائداعظم کا تصور تھا کہ پاکستان کے ہر شہری کو مساوی حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی برسی قومی اتحاد و یکجہتی اور ان کے افکار سے وابستگی کی تجدید کا موقع ہے۔ ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو قومی زندگی کا رہنما اصول بنانا ہوگا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ مضبوط پارلیمان، مستحکم جمہوری ادارے اور آئین کی بالادستی قائداعظم کے خواب کی تکمیل کی ضمانت ہیں۔ جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی یکجہتی اور معاشی ترقی پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قائداعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مضبوط، خوشحال اور فلاحی پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔
آخر میں انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے بھی دعا کی۔































