اسلام آباد (ویب ڈیسک)سیلز ٹیکس رولز میں ترمیم آگئی۔ایف بی آر کامانیٹرنگ سسٹم سےمنسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز سیل کوسیل کرنیکافیصلہ کرلیاہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جسکے مطابق رجسٹرڈ کاروباروں کے لیے پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروبار سیل کئے جا سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر پولیس کی مدد بھی لی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن میں دئیے گئےطریقہ کار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر کو دے گا، کمشنر انکوائری کے بعد چیف کمشنر کو رپورٹ بھیجے گا اور چیف کمشنر سیل کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔ کاروباری مقام مکمل یا اس کا مخصوص حصہ سیل کیا جا سکے گا اور سیل کرنے سے قبل حکم کی کاپی کاروبارکے مالک کو فراہم کی جائے گی۔
کاروباری مقام اس وقت تک سیل رہے گا جب تک مانیٹرنگ سسٹم منسلک نہیں ہوتا، بحالی کے لیے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ سسٹم نصب کرنا ہوگا، تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی اور کمشنر 3 دن میں سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔






























