اسلام آباد (ویب ڈیسک)
04اکتوبر۔2026
کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے "پلاسٹک فری اسلام آباد” مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایات پر اٹھایا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جی) ڈاکٹر انعم فاطمہ کی زیر نگرانی شروع کی گئی اس مہم کا مقصد پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی میں کمی لانا اور وفاقی دارالحکومت کو مزید صاف، سرسبز اور صحت مند بنانا ہے۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں میں سنگل یوز پلاسٹک کے مضر اثرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا اور شہریوں، تاجروں، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو ماحول دوست متبادل اختیار کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
اس سلسلے میں مارکیٹس، کمرشل علاقوں، فوڈ آؤٹ لیٹس، تعلیمی اداروں، پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ تاجروں کو سنگل یوز پلاسٹک بیگز کی فراہمی کم کرنے اور متبادل بیگز فراہم کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔
شہریوں اور تاجر برادری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سنگل یوز پلاسٹک کو "نہیں” کہیں، دوبارہ قابل استعمال بیگز ساتھ رکھیں اور کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد کو پلاسٹک فری بنانا محض انفورسمنٹ سرگرمی نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس کی کامیابی کا انحصار عوام کی بھرپور شرکت پر ہے۔
































