
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
07 اکتوبر 2026
اسلام آباد کو سرسبز بنانے کیلئے سی ڈی اے کی شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں وفاقی دارالحکومت کو مزید سرسبز، صاف ستھرا اور ماحول دوست بنانے کے لیے شجرکاری، لینڈ اسکیپنگ اور تزئین و آرائش کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق یہ مہم سی ڈی اے کے انوائرمنٹ ونگ کے زیر انتظام جاری ہے جس کی سربراہی ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی کر رہے ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق اس مہم کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے سرسبز تشخص کو برقرار رکھنا، گرین کور میں اضافہ اور شہر کو دنیا کے خوبصورت دارالحکومتوں میں نمایاں کرنا ہے۔ گزشتہ سال ہزاروں درخت لگائے گئے جبکہ رواں سال بھی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس، پارکس اور داخلی راستوں پر شجرکاری جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ نئے پودوں کی نگہداشت اور تحفظ یقینی بنایا جائے تاکہ وہ مستقبل میں گرین کور کا مستقل حصہ بن سکیں۔
سی ڈی اے نے شہریوں، طلبہ، تاجر برادری اور سول سوسائٹی سے مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق شہریوں نے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے گرین اسپیسز کے تحفظ میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔






























