فائر سیفٹی اقدامات مکمل نہ ہونے پرسی ڈی اے کے ہفتہ وارسستے بازار بند

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
18 اکتوبر 2026

وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی سہولت کے لیے لگنے والے سی ڈی اے کے ہفتہ وار سستے بازار فائر سیفٹی اقدامات مکمل ہونے تک بند کر دئیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جی سکس اور ایچ نائن میں ہفتہ وار بازاروں کے سٹال ہولڈرز نے فائر اینڈ سیفٹی اقدامات مکمل نہیں کیے تھے جس پر انہیں متعدد بار تنبیہ بھی کی گئی اور متعلقہ سٹاف نے فرداً فرداً آگاہی فراہم کی، لیکن مطلوبہ اقدامات مکمل نہ ہو سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے فائر سیفٹی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں، بعض سٹال ہولڈرز کی جانب سے اقدامات کیے بھی جا رہے ہیں، تمام سٹال ہولڈرز کے اقدامات مکمل ہونے تک بازار بند رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ اور ڈی ایم اے حکام نے سٹال ہولڈرز کے لیے لازمی قرار دیا ہے کہ جب تک ہر سٹال ہولڈر سی ڈی اے کے شعبہ ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ سروسز سے فائر سیفٹی اقدامات مکمل کرنے کا سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کرے گا، تب تک سٹال کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علاوہ ازیں ایچ نائن کے سٹال ہولڈرز نے ہفتہ وار سستے بازار اچانک تاحکم ثانی بند کرنے پر احتجاج کیا ہے اور کہا کہ سستے بازار بند کرنے سے لاکھوں شہریوں کو خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے اور ہزاروں سٹال ہولڈرز بیروزگار ہو گئے ہیں، اعلیٰ حکام فوری توجہ دے کر مسئلہ حل کرائیں ورنہ احتجاج پر مجبور ہونگے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین