راولپنڈی (ویب ڈیسک)
4 نومبر 2026
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے لیبیا سے ڈی پورٹ ہونے والے 12 پاکستانی شہریوں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق مقدمے میں محمد عدنان حیدر، محمد جمال، نبیل احمد، ثاقب شبیر، محمد فیضان، سجاد محمود، محمد اخلاق، محمد انیس، روحیل تعمیر، رحمان خالد، ثاقب علی اور عارف حسین نامزد ہیں۔
ترجمان کاکہناہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق شہریوں کو مبینہ طور پر مختلف ایجنٹوں نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر وزٹ اور عمرہ ویزوں پر دبئی اور مصر کے راستے لیبیا بھجوایا، جہاں سے انہیں کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر اٹلی منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ایجنٹوں پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے کا الزام ہے، دیگر ملوث افراد کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔
ایف آئی اے کیس کی تفتیش انسپکٹر محمد عبداللہ کیانی کر رہے ہیں۔































