اسلام آباد (ویب ڈیسک)
5 نومبر 2026
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے11 نکاتی ایجنڈے پر فیصلہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 360 ارب روپےسےزائد کی تکنیکی ضمنی گرانٹس منظورکرلی ہیں ۔اجلاس میں دفاعی خدمات کے لئے 54 ارب روپے، پروجیکٹ استقلال کے لئے 29 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے، طیارے کی شمولیت کے لیے ایک ارب 94 کروڑ روپے، آبی منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے اور گیس پیداواری علاقوں کے دیہات کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹس شامل ہیں۔ اجلاس میں کفایت شعاری سے بچنے والے 15 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے کو وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں منتقل کرنے، یوتھ لون اسکیم میں نظرثانی کرنے، 89 پٹرولیم حقوق کی توسیع دینے اور اسمارٹ چشموں کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
وزارت خزانہ کے جاری اعلامیہ کےمطابق ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، وفاقی سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں دفاعی خدمات کے جاری منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ اس کے علاوہ طیارے کی شمولیت کے لیے ایک ارب 94 کروڑ روپے اور پروجیکٹ استقلال کے لیے 29 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی الگ الگ گرانٹس بھی منظور کی گئیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق ان گرانٹس کا مقصد ضروری آپریشنل تقاضے پورے کرنا اور قومی سلامتی کی ترجیحات کو آگے بڑھانا ہے۔
کمیٹی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سمری پر فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کے ہیلی کاپٹروں کی دیکھ بھال کے لیے 37 لاکھ 10 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے مختلف درجات اور بینک ریٹ میں مجوزہ نظرثانی کو منظور کر لیا گیا۔ اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں کو سستے قرضوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے اور نوجوانوں میں کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
ای سی سی نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے اقدامات کے نتیجے میں حاصل ہونے والی 15 ارب 62 کروڑ 50 لاکھ روپے کی بچت کو وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ 2026 میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔ یہ فیصلہ مالیاتی نظم و ضبط اور سرکاری وسائل کے محتاط استعمال کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔
کمیٹی نے وزارت آبی وسائل کے تحت اہم آبی منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کر لی۔ اس گرانٹ سے آبی بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور جاری منصوبوں پر عمل درآمد میں مدد ملے گی۔
وزارت تجارت کی سمری پر کیمروں سے لیس اسمارٹ چشموں کی درآمد پر پابندیاں عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کو بھی ان آلات کے استعمال کو ضابطے میں لانے کے لیے مناسب دفتری قواعد و ضوابط وضع کرنے کی سفارش کی گئی۔
ای سی سی نے ایس این جی پی ایل کے نظام سے منسلک کھاد بنانے والے دو کارخانوں فاطمہ فرٹ اور ایگری ٹیک کو 31 دسمبر 2026 تک گیس کی فراہمی جاری رکھنے کی منظوری بھی دی۔ تاہم یہ فراہمی مطلوبہ توانائی کی دستیابی سے مشروط ہوگی۔
کمیٹی نے مقررہ شرائط پوری کرنے سے مشروط 89 پٹرولیم حقوق کی توسیع اور تجدید کے لیے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) رولز میں نرمی کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ مالی سال 2026-27 کے دوران گیس پیداواری فیلڈز کے 5 کلومیٹر کے دائرے میں واقع دیہات کو گیس فراہم کرنے کے لیے ایک ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔































