سپریم کورٹ نے ضمانت منسوخ کرنےکےلئے اصول طے کردئیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
7 نومبر 2026

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کے لئے 8 اصول طے کر دئیےہیں اور قرار دیا کہ ضمانت کا حکم بادی النظر میں غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی ہو تو ضمانت منسوخ ہوگی۔جسٹس محمد علی مظہر نے فیصلہ تحریر کیا۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ملزم نے ضمانت کی رعایت کا ناجائز استعمال کرے تو منسوخی ہوگی۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ملزم نے استغاثہ کے گواہوں پر دباؤ ڈال کر شواہد کو متاثر کرنے یا ان میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے تو ضمانت منسوخ ہوگی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ اگر امکان ہو ملزم عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر فرار ہو جائے گا تو ضمانت منسوخ ہوگی۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ملزم تفتیش کے شفاف عمل میں مداخلت کرنے کی کوشش کرے تو ضمانت منسوخ ہوگی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ملزم آزادی کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اسی نوعیت کے کسی دوسرے جرم کا ارتکاب کرے تو ضمانت منسوخ ہوگی۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ دورانِ تفتیش نئے حقائق اور شواہد سامنے آئیں جو ملزم کے جرم میں ملوث ہونے کو ثابت کرنے کا اشارہ کریں تو ضمانت منسوخ ہوگی۔

سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کا ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ایف آئی آر میں نو ماہ کی تاخیر اور ملزم کا کردار مزید تحقیق کا تقاضا کرتا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کی نقل چیئرمین واپڈا کو معلومات کے لیے ارسال کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بجلی کی غیر قانونی فراہمی، چوری اور پرائیویٹ سائفننگ میں ملوث افراد کے کردار کا واپڈا اور متعلقہ یوٹیلیٹی کمپنی جائزہ لے۔

لاڑکانہ کے رحمت پور تھانے میں درج مقدمے کے مطابق وقوعہ 3 مارچ 2024 کو پیش آیا۔ ڈسپوزل فیز سے اسپیشل لائن کھینچ کر دکانوں پر بجلی فراہمی کے دوران تار ٹوٹنے سے نُور حسین نامی شخص جاں بحق ہوا۔

سیشن جج لاڑکانہ نے 30 جنوری 2025 کو ملزم علی اصغر کھوکھر کی قبل از گرفتاری ضمانت مسترد کر دی تھی۔ سندھ ہائیکورٹ سرکٹ کورٹ لاڑکانہ نے 20 اکتوبر 2025 کو ایف آئی آر میں نو ماہ کی تاخیر اور دیگر گراؤنڈز پر ملزم کی ضمانت منظور کی تھی۔

ملزم کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا ضمانت دینے کا فیصلہ برقرار رکھاہے۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین