وفاقی آئینی عدالت کاایک سال مکمل،7 ہزار 870 مقدمات نمٹائے،21 ہزار750زیرالتوا

اسلام آباد (ویب ڈیسک)
12 نومبر 2026

وفاقی آئینی عدالت نے اپنے پہلے سال میں ججز کی محدود تعداد کے باوجود 7 ہزار 870 مقدمات نمٹائے تاہم ابھی تک 21 ہزار 750 مقدمات زیرالتواء ہیں۔

وفاقی آئینی عدالت کوقائم ہوئےایک سال مکمل ہو گیاہےجس پر تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد آئینی و قانونی تشریح سے متعلق 22 ہزار 259 مقدمات سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت میں منتقل ہوئے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ سے نیب کیسز بھی آئینی عدالت میں ٹرانسفر ہوئے۔ اس وقت وفاقی آئینی عدالت میں 21750 مقدمات زیر التوا ہیں۔

وفاقی آئینی عدالت میں اب تک 6199 مقدمات دائر ہوئے جبکہ اب تک 7870 مقدمات نمٹائے گئے، جون سے لے کر اکتوبر تک پانچ ماہ میں وفاقی آئینی عدالت میں 2583 مقدمات دائر ہوئے، جون سے اکتوبر تک 4438 مقدمات نمٹائے گئے۔

گزشتہ ماہ اکتوبر میں 344 مقدمات دائر ہوئے، 1772 مقدمات نمٹائے گئے۔ ستمبر میں 416 مقدمات دائر ہوئے جبکہ 451 مقدمات نمٹائے گئے۔ اگست میں 386 مقدمات دائر ہوئے جبکہ 970 مقدمات نمٹائے گئے۔ جولائی میں 741 مقدمات دائر ہوئے جبکہ 781 مقدمات نمٹائے گئے۔ جون میں 464 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ 696 مقدمات دائر ہوئے۔

وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے فوری بعدعمارت کے قیام کا تنازعہ بنارہا تاہم بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت اور پھر وہاں سے وفاقی شرعی عدالت میں وفاقی آئینی عدالت کو منتقل کیا گیا۔

ایک سال گزرنے کے باوجود تاحال وفاقی آئینی عدالت میں مزید ججز تعینات نہیں کئے گئے۔سات ججز مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں اور کل ججز کی تعداد 13 رکھی گئی ہے۔

بتایاجاتاہے کہ یہ تجویز بھی زیرغورہے کہ ہائی کورٹس سے ایک سال کے لئے وفاقی آئینی عدالت میں ایڈہاک ججز لائے جائیں۔سپریم کورٹ میں بھی ایڈہاک ججز لانے کی سوچ موجود ہے۔اس سے قبل قانونی ماہرین سپریم کورٹ سے سینئر ججز کونظر انداز کرنے، جونیئر ججز کووفاقی آئینی عدالت لانے بارے سوالات اٹھاتے رہے۔

27ویں آئینی ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ججز منصور علی شاہ،اطہر من اللہ مستعفی بھی ہوئے۔

پی ٹی آئی آغاز میں وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرنے میں گریزاں رہی تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی نے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرنا شروع کیا تاہم انہیں کوئی بڑا ریلیف نہ مل سکا۔

بانی پی ٹی آئی کی نجی ہسپتال میں منتقلی کا حکمنامہ سپریم کورٹ سے جاری ہوامگروفاقی آئینی عدالت نے تین قیدیوں کو بانی پی ٹی آئی طرز پر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق کیس کو فوری فکس کر کے سپریم کورٹ سے چلتے ہوئے کیس کا ریکارڈ اپنے پاس منگوانے اور کیس فکس کرنے کا حکم دے دیا۔ یہ کیس اس کے بعد نہ سپریم کورٹ میں فکس ہوا نہ ہی وفاقی آئینی عدالت میں دوبارہ کیس پر سماعت ہوئی۔

اسی طرح بانی پی ٹی آئی اورانکی اہلیہ کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی استدعا مسترد ہوئی تو بشریٰ بی بی کی حد تک بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا گیا تاہم وفاقی آئینی عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست مسترد کر دی۔

وفاقی آئینی عدالت نے سپر ٹیکس کوبھی جائز قرار دینے کا فیصلہ دیا۔وفاقی آئینی عدالت نے ایک سال کے عرصے میں سرکاری ملازمین، خواتین کے حقوق سے متعلق اہم فیصلے بھی جاری کئے جبکہ مونال ریسٹورنٹ کیس فیصلے پر نظرثانی بھی وفاقی آئینی عدالت نے کی۔اس سے قبل سپریم کورٹ سے نظرثانی خارج ہو چکی۔

سابق جج طارق جہانگیری نے مبینہ جعلی ڈگری کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں نظر ثانی دائر کی جس پر آج تک سماعت نہیں ہو سکی۔

وفاقی آئینی عدالت نے نسلہ ٹاور کی مسماری کا سبب بننے والے سپریم کورٹ کے 2018 اور 2019 کے احکامات واپس لیتے ہوئے کیس بھی نمٹایا۔وفاقی آئینی عدالت نے خواتین کے وراثتی جائیداد سے متعلق بھی اہم فیصلے جاری کئے ہیں۔

مزیداسی طرح کی
Related

تازہ ترین