اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان حکومت نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق چودہ نومولود بچوں کے لواحقین کے لیے فی کس 50 لاکھ روپے مالی معاوضے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امدادی رقم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
وزیراعظم نے کہا: مالی معاوضے سے قیمتی انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق بچے واپس نہیں لائے جا سکتے، لیکن حکومت کی جانب سے یہ معاونت غمزدہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے اور ان کے دکھ میں کچھ مداوا کرنے کی ایک کوشش ہے ۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کرے گی ۔
































