اسلام آباد (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے دعوی کیاہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کے اسلام آباد مارچ کے پریشرمیں حکومت پاکستان نے ایک بار پھر جماعت اسلامی سے رابطہ کر لیاہے۔
رات کو ترجمان جماعت اسلامی کے جاری بیان کے مطابق حکومت کا مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے پر زور ہے۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سے معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔حکومت ہفتہ کوجماعت اسلامی سے مذاکرات کی خواہش رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔
جماعت اسلامی اورحکومت کے درمیان مذاکرات کے اس سے پہلے پانچ دور ہو چکے ہیں۔پہلی بار حکومتی وفد مذاکرات کی دعوت دینے منصورہ لاہور گیا تھا جبکہ مذاکرات کے چار دور اسلام آباد میں منعقد ہوئےتھے۔جماعت اسلامی اور حکومت کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان بدھ 16 ستمبر کومزاکرات کاآخری دورہوا تھا۔
































