اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ 51 اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ اور 9 میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے اندرڈیزل 7.29 فیصد، پیٹرول 6.40 فیصد اور ایل پی جی 3.26 فیصد مہنگی ہوئی۔ ہفتہ وار بنیاد پر لہسن اور انڈے بھی مہنگے ہوئے، جبکہ کیلے 6.17 اور ٹماٹر 5.66 فیصد سستے ہوئے، پیاز کی قیمت میں 4.57 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 2.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح سالانہ بنیاد پر ایل پی جی 60.42، ڈیزل 54.21 اور پیٹرول 48 فیصد مہنگا ہواہے۔کم آمدنی والے طبقے کے لئے بجلی کے نرخ 33.54 فیصد بڑھے۔ ایک سال میں آٹا 33.27، مرچ پاؤڈر 16.37 اور مٹن 15.86 فیصد جبکہ گائے کا گوشت 12.88 فیصد مہنگا ہواہے۔
سالانہ بنیاد پر آلو 35.31، چینی 20.95، انڈے 19.31 اور مرغی 15.26 فیصد سستی ہوئی، نمک اور مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی سامنے آئی ہے۔
































