اسلام آباد (ویب ڈیسک)
19 اکتوبر 2026
وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے آج عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پاکستان آج عالمی برادری کے ساتھ مل کر خواتین کو درپیش صحت کے سنگین مسائل بالخصوص چھاتی کے سرطان سے آگاہی پر بھرپور آواز اٹھاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے آگاہی، تشخیص، بروقت علاج اور نگہداشت سنجیدہ مسئلہ ہے، ملک بھر میں ابتدائی تشخیص، بروقت طبی جانچ، معیاری علاج اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے۔ حکومت صوبائی حکومتوں اور مقامی اداروں کے تعاون سے بنیادی صحت اور سرطان کے خصوصی علاج کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی و پسماندہ علاقوں میں خواتین کو صحت سہولیات تک رسائی محدود ہے، وہ خصوصی توجہ کی مستحق ہیں، کوئی بھی پاکستانی بیٹی علاقے یا مالی استطاعت کی وجہ سے بروقت اور معیاری علاج سے محروم نہ رہے یہ حکومت کا پختہ عزم ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی نصاب و تربیت میں ذاتی معائنہ، علامات کی پہچان اور بروقت طبی مشورے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ پمز میں قائم وفاقی مرکز برائے اسکریننگ مفت ادویات، تشخیص اور مریضوں کو متعلقہ مراکز تک پہنچانے کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
شہبازشریف نے اپیل کی کہ خاندان، معاشرتی حلقے، ذرائع ابلاغ، مذہبی رہنما، تعلیمی ادارے اور سول سوسائٹی چھاتی کے سرطان سے متعلق خاموشی اور جھجک کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں، ہر بیٹی اپنی صحت سے متعلق تشویش پر بلا تاخیر طبی رہنمائی حاصل کریں۔

































