
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) پاکستان کی سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی کیساتھ ملاقات و علاج سے متعلق مقدمات سماعت کیلئے مقررکر دیئے۔سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی فیملی، وکلاء کیساتھ ملاقاتیں کرنے، بانی پی ٹی آئی کو الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں منتقل کرنے، ہائیکورٹ کے حکمنامے پرعمل نہ کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی ہیں۔سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی مجموعی طور پر 5 درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کی ہیں. مشال اعظم اور سلمان اکرم راجہ کی طرف سے اڈیالہ جیل سپریٹیڈنٹ کیخلاف ہائیکورٹ حکم پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست مقررکی گئی ہے۔عظمیٰ خان اور بانی پی ٹی آئی کی درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں جس میں بانی پی ٹی آئی کو میڈیکل چیک اپ کیلئے الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے،ذاتی معالجین تک رسائی دینے اور فیملی اور اہل خانہ کیساتھ ملاقاتیں کرانے کی استدعا کی گئی ہے. تمام درخواستوں پر سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا. بنچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں. درخواستوں پر سماعت 18 اگست کو ہوگی. 11 اگست کو وزیراعلیٰ خیبرپختواہ سہیل آفریدی اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ چند پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ سپریم کورٹ کے باہر اکھٹے ہوئے تھے بعد ازاں سلمان اکرم راجہ نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کرکے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ ہماری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی ہے،ڈاکٹر عظمی خان اور میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق درخواست زیر التوا ہیں۔رجسٹرار سپریم کورٹ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے ہفتے کیسز سماعت کیلئے مقرر ہو جائیں گے۔ہمیں یقین دہانی کرائی گئی کہ دو روز بعد کاز لسٹ بھی جاری کردی جائے گی۔
