مری (ویب ڈیسک)ملکہ کوہسار مری میں دوماہ کے بچے کو نالے میں پھینک کر قتل کرنے والی ماں کوگرفتارکرلیاگیاہے۔
پولیس کے مطابق ملزمہ 6 بچوں کے بعد ساتویں بچے کی پرورش سے تنگ آ گئی تھی۔
ملکہ کوہسار مری میں دو ماہ کے بچے کو نالے میں پھینک کر قتل کرنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق قتل کے تانے بانے بچے کی ماں سے مل رہے ہیں۔
واقعے کی تفصیل
ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا کے مطابق دو ماہ کے بچے کو یکم ستمبر کو نالے میں پھینکا گیا تھا۔ پولیس نے بچے کی لاش نالے سے برآمد کر لی ہے۔
پولیس تحقیقات کے مطابق واقعے کی مرکزی ملزمہ بچے کی ماں نبیلہ ہے۔
ملزمہ کا اعتراف
ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے بتایا کہ اس کے پہلے 6 بچے ہیں جبکہ مقتول اس کا ساتواں بچہ تھا۔
ملزمہ نے مزید بچے کی پرورش نہ کر سکنے کو اقدام کی وجہ قرار دیا۔
ڈی پی او مری کے مطابق واقعے کا مقدمہ نمبر 541/26 درج کر لیا گیا ہے۔مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 سمیت شواہد چھپانے اور بچے پر تشدد سے متعلق دفعات شامل کی گئی ہیں۔
رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ مری پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے اور مکمل تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے لائے جائیں گے۔































