راولپنڈی (ویب ڈیسک)تھانہ رتہ امرال کی حدود میں 21 سالہ مسیحی خاتون صباء محبوب قتل کے ملزم نے اغوا کے بعد 21 گھنٹے تک سوتیلے بھائی کو یرغمال رکھا۔
راولپنڈی پولیس نے مقتولہ کے سوتیلے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ صباء محبوب کی شادی ذیشان محمود سے ہوئی تھی۔ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے صباءمحبوب والدین کے گھر میں رہ رہی تھی۔
3 ستمبر کی رات 9 بجے محلہ دار عدنان بٹ پسٹل سمیت گھر میں داخل ہوا۔ مقتولہ کو گالیاں دیتے ہوئے ساتھ ہی سیدھا فائر کر دیا جو صباء کے ماتھے پر لگا۔ صباء موقع پر ہی دم توڑ گئی ۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھی نے قتل کے بعد مقتولہ کےسوتیلے بھائی کو اغوا کیا ۔
ملزمان نے سوتیلے بھائی کو دھمکیاں دیں کہ "اگر پولیس کو معاملہ رپورٹ کیا تو اسے بھی قتل کر دیں گے”۔ صباء کے قتل کے بعد ملزم نے سوتیلے بھائی کو 21 گھنٹے تک اغوا کئےرکھا۔
پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔
مقدمے میں قتل، اغوا، گھر میں داخل ہونے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس نے مرکزی ملزم عدنان بٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دئیے ہیں۔































