
اسلام آباد (ویب ڈیسک)سی ڈی اے نے اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم شروع کردی ۔سیریناانٹرچینج گلابی پھولوں سے مزین ہوگا۔
شہر کو دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں شامل کرنے کے لئے گرین کوریڈورز بنائے جائیں گے
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ انوائرنمنٹ نے وفاقی دارالحکومت کی سرسبزی اور ماحولیاتی معیارکوبہتر بنانے کے لئے شہر بھر میں وسیع پیمانے پر شجرکاری اورلینڈ اسکیپنگ مہم شروع کر دی ہے۔
اسلام آباد کو سرسبز بنانے کا ہدف
سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مہم کا مقصد اسلام آباد کو مذیدسرسبز، صاف ستھرا اور پائیدار بنانا ہے تاکہ اسے دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں نمایاں مقام حاصل ہو ۔
اس سلسلے میں اہم شاہراہوں، انٹرچینجز، گرین بیلٹس، پارکس اور دیگر عوامی مقامات پر منظم انداز میں شجرکاری کی جا رہی ہے۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق مہم کے تسلسل میں اتوار کو سیرینا انٹرچینج پر تبیبویہ (Tabebuia) کے درخت لگائے گئے ہیں۔ یہ درخت اپنے خوبصورت گلابی پھولوں کی وجہ سے مشہور ہیں ۔
سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب یہ درخت پھولوں سے بھر جائیں گے تو سیرینا انٹرچینج گلابی منظر پیش کرے گا جس سے دارالحکومت کے اس اہم داخلی مقام کی خوبصورتی میں واضح اضافہ ہوگا۔
سی ڈی اے کے مطابق اہم شاہراہوں اور انٹرچینجز کے اطراف شجرکاری سے خوبصورت گرین کوریڈورز تشکیل دئیے جائیں گے۔ یہ کوریڈورز نہ صرف شہر کے حسن میں اضافہ کریں گے بلکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لئے خوشگوار ماحول بھی فراہم کریں گے۔
سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ اسلام آباد کوحقیقی معنوں میں ماحول دوست دارالحکومت بنانے کے لئے ادارہ جاتی اقدامات کے ساتھ شہریوں کی شرکت بھی ضروری ہے۔
ہر گرین بیلٹ اور ہر انٹرچینج پر لگایا جانے والا درخت اسلام آباد کے حسن اور صحت مند ماحول میں اضافہ کرے گا۔































