
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان کے یومِ دفاع و شہداء پراسلام آباد میں قومی پرچموں کی بھرپور نمائش، شہداء اور افواج کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے 6 ستمبر یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی بہادر و نڈر مسلح افواج اور شہداء کے اہل خانہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
یوم دفاع کے قومی دن کے موقع پراسلام آباد بھر میں قومی پرچم نمایاں طور پر آویزاں کئےگئے ۔وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں، عوامی مقامات، قومی و شہری نشانات اور سرکاری عمارتوں پرچم پوری شان و شوکت کے ساتھ لہراتے نظر آئے ۔
اہم ریاستی عمارتوں بالخصوص پارلیمنٹ ہاؤس پر قومی پرچم کی نمائش نے مادرِ وطن کے محافظوں کے ساتھ قومی اتحاد اور غیر متزلزل وابستگی کا پیغام دیا۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے مطابق اسلام آباد بھر میں پرچموں کی شاندار نمائش نے پورے شہر کو شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا مرکز بنا دیا۔
ہر پرچم ایک قربانی کی علامت ہے۔ ہر رنگ ہماری قومی شناخت کی عکاسی کرتا ہے۔ ہر لہراتا ہوا پرچم ہمارے شہداء کو خاموش سلام پیش کرتا ہے ۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ گہری عقیدت اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہر شہید کے پیچھے ایک ایسا خاندان ہے جس نے پاکستان کی خاطر ناقابلِ تصور جدائی برداشت کی۔شہداء کے خاندانوں نے غیر معمولی حوصلے اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔ پوری پاکستانی قوم ان کی قربانیوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔
یومِ دفاع پیغام
یومِ دفاع و شہداء محض تاریخ نہیں بلکہ یاد، تشکر اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں مسلح افواج کی بہادری اور ملک کی خودمختاری کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کو سب سے بہترین خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم ایسا پاکستان تعمیر کریں جس کے لیے انہوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا – ایک پُرامن، خوشحال، مضبوط اور متحد پاکستان ۔
ہم اپنے شہداء کو یاد کرتے ہیں۔ ہم اپنے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم پاکستان کے لئے متحد ہیں ۔































