راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی میں بحریہ ٹاون فیز 7 میں فیس بک پر دوستی کا بھیانک ڈراپ سین سامنے آیا ہے جس میں وشال نے شادی کا جھانسہ دے کر 3 سال تک زیادتی کانشانہ بنایااور 5 لاکھ روپے کا استحصال کیا۔
راولپنڈی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جان پہچان کا بھیانک انجام سامنے آ گیا۔ تھانہ روات پولیس نے ایک ورکنگ ویمن کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فیس بک فرینڈ نے شادی کا جھانسہ دے کر 3 سال تک مبینہ مالی استحصال اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر میں کیا کہا گیا؟
مدعیہ کے مطابق وہ ہیئر ٹرانسپلانٹ کے ادارے میں اسسٹنٹ کی ملازمت کرتی ہیں اور ایک لاکھ روپے ماہانہ کماتی ہیں ۔
مدعیہ نے پولیس کوبتایا کہ 3 سال قبل فیس بک پر وشال اختر سے جان پہچان ہوئی۔بعد میں فون پر رابطہ ہوا اور تعلق بڑھتا گیا۔ وشال نے شادی کی یقین دہانی کرائی۔
الزام ہے کہ وشال نے مختلف اوقات میں کپڑے، جوتے، گھڑی، پرفیوم سمیت تحائف لئے جن کی مالیت 2 لاکھ روپے بنتی ہے اور تمام رسیدیں موجود ہیں ۔ اسکے علاوہ وشال اخترنے مختلف اوقات میں نقد 3 لاکھ روپے بھی بٹورے ۔
مدعیہ کے مطابق گھر والوں سے ملوانے پر وشال اختر کاآنا جاناشروع ہو گیا۔گھراور برادری میں بھی بات پھیل گئی کہ شادی وشال اخترسے ہوگی ۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ وشال پیارمحبت اور شادی کا جھانسہ دے کر 3 سال سے جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ اپریل میں ملزم مدعیہ کو فیز 7 کے ایک ہوٹل کے کمرے میں لے گیا جہاں زبردستی زیادتی کی ۔مدعیہ کا کہنا ہے کہ ہوٹل آنے جانے کی تصدیق سی ٹی وی کیمروں سے ہو سکتی ہے ۔
دھمکیاں اور دھوکہ :
مدعیہ کے مطابق جب شادی کا تقاضا کیا گیا تو وشال نے دھمکیاں دیں کہ "کسی کو بتایا تو جان سے مار دوں گا”۔
بعد میں پتہ چلا کہ وشال نے کسی اور سے شادی کر رکھی ہے اور اب مدعیہ سے شادی سے انکار کر دیا ۔
مدعیہ کا موقف ہے کہ وشال نے دھوکہ دہی اور جنسی استحصال کر کے پورے خاندان میں بدنام کیا اور کسی قابل نہ چھوڑا ۔
پولیس کارروائی
تھانہ روات پولیس نے مدعیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں دھوکہ دہی، جنسی زیادتی، مالی استحصال اور دھمکیوں کی دفعات شامل ہیں ۔پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے۔
































