اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان میں ہفتہ وارمہنگائی میں پھر اضافہ، پیٹرول اور پیاز سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوگئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 8.35 فیصد رہی۔
کون سی اشیاء مہنگی ہوئیں؟
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیاز کی قیمت میں سب سے بڑا اضافہ 26.30 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
ٹماٹر 2.55 فیصد اور آلو 0.96 فیصد مہنگا ہو گیا۔
پیٹرول کی قیمت میں 0.90 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 0.09 فیصد اضافہ ہوا۔ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد آٹا، چکن اور دال ماش کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
کیلے 2.54 فیصد اور دال مونگ 0.69 فیصد سستی ہو گئے*۔ اسی طرح چینی، انڈے، دال چنا اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔































