اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)
راولپنڈی انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹاف نرس سے بدسلوکی اور تشدد کا واقعہ پیش آیاہے۔تھانہ وارث خان پولیس نے مریضہ کی بیٹیوں اور رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر میں کیا کہا گیا۰۰؟
مقدمہ سٹاف نرس ستارہ سلیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعیہ کے مطابق وہ ایمرجنسی میں مریضوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھیں۔ مریضہ زمین بی کے ساتھ ان کی 3 بیٹیاں موجود تھیں جنہیں ایمرجنسی سے باہر جانے کا کہا گیا۔
الزام ہے کہ اس پر وہ غصے میں آ گئیں اور بدتمیزی کرتے ہوئے گتھم گتھا ہو گئیں ۔ نرس کا کہنا ہے کہ انہوں نے مجھے کھینچ کر مردانہ وارڈ کی جانب لے گئیں۔
ستارہ سلیم کے مطابق وہاں ان کے ساتھ 2 مرد بھی آ گئے اور سب نے مارنا شروع کر دیا۔
خواتین نے میرے کپڑے پھاڑ دئیے اور اتارنے کی بھی کوشش کی۔
نرس کا مزید کہنا ہے کہ منت سماجت کے باوجود انہوں نے دھمکیاں دیں کہ ہم پیسے والے لوگ ہیں، تمہیں نوکری سے فارغ کروا دیں گے۔
مدعیہ نے موقف اپنایا کہ خواتین اور نامعلوم مردوں نے مارا پیٹا اور سخت زیادتی کی، قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس کارروائی
تھانہ وارث خان پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کررہے ہیں ۔
































