اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کے دوسرے صوبوں میں تبادلوں کی راہ ہموار ہو گئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے انتظامی کمیٹی کی سفارش پر "اسلام آباد جوڈیشل سروس رولز، 2011” میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایاہے کہ نئی ترمیم کے تحت ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کا تبادلہ اب اسلام آباد ہائی کورٹ کے انتظامی کنٹرول میں ہوگا۔اس کے تحت ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے ججز کا کسی بھی دوسری ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں تبادلہ کیا جا سکے گا۔
ترمیم میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ ججز کا روٹیشن پالیسی کے تحت صوبائی ہائی کورٹ کے ماتحت ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں بھی تبادلہ ممکن ہوگا۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے ترمیم کی نقول اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدور کو ارسال کر دی ہیں۔































