نیویارک /اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم پاکستان محمدشہباز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے مختصر وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم 25 ستمبر 2026 کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے جس میں ڈائیلاگ، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا جائے گا۔
وزیراعظم خطے میں کشیدگی کے خاتمے،امن و استحکام کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشتگردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز پر پاکستان کی ترجیحات پیش کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل قبضے اور حق خود ارادیت سے محرومی کے مسائل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔اجلاس کے موقع پر ترقی، موسمیاتی اقدامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت اور عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
































