اسلام آباد(ویب ڈیسک)
31 اکتوبر 2026
وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے وژن اور چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سہیل اشرف کی قیادت میں پاکستان اور ازبکستان کی حکومتوں کے اشتراک سے بابر پارک کو دونوں برادر ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی علامت کے طور پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے فیصل ایونیو پر زیر تعمیر بابر پارک کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی اور دیگر سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران چیئرمین کو بریفنگ دی گئی کہ ازبک ڈیزائنرز اور ماہرین کے تعاون سے پارک میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ پارک کو خوبصورت، پائیدار اور عالمی معیار کی تفریحی گاہ بنانے کے لیے ماحول دوست شجرکاری، جدید لینڈ اسکیپنگ اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی امور کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سہیل اشرف نے کہا کہ بروقت تکمیل کے بعد بابر پارک اسلام آباد کے بہترین تفریحی مقامات میں شمار ہوگا اور پاکستان اور ازبکستان کی دوستی، بھائی چارے اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے کی دیرپا علامت ثابت ہوگا۔
انہوں نے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ کاموں کی رفتار اور معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے اور تعمیرات و ماحولیاتی پائیداری کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔

































