اسلام آباد (ویب ڈیسک)
3 نومبر 2026
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی ہاؤسنگ محمد ایوب کی برطرفی کےلئےحکومتی اپیل مسترد کر دی۔ جسٹس عائشہ ملک کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل شفقت عباسی نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد ایوب کے بطور قائم مقام ڈی جی ہاؤسنگ دور میں 915 غیر قانونی الاٹمنٹس کی گئیں۔
سپریم کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک نے دستاویزی شواہد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ انہیں شواہد نظر نہیں آ رہے، کم از کم تحقیقات تو قانون کے مطابق کریں۔
سابق ڈی جی ہاؤسنگ محمد ایوب کومحکمانہ انکوائری کے بعد ملازمت سے برطرف کیا گیا تھا، جسکے خلاف انہوں نے سروس ٹریبونل سے رجوع کیا تھا۔ سروس ٹریبونل نے جبری برطرفی کو ریٹائرمنٹ میں تبدیل کر دیا تھا، وفاقی حکومت نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا، جسے عدالت نے مسترد کر دیاہے۔

































