اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی داخلہ نےاسلام آبادلوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیمی بل 2026 منظورکرلیاہے۔
پیپلزپارٹی کی مخالفت، اختلافی نوٹ جمع، سائبر فراڈ اور منشیات پر بھی تشویش
بل پرووٹنگ
بل کی منظوری کے وقت کمیٹی کے 12 ارکان نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
– حق میں: 8 ارکان
– مخالفت میں : پیپلزپارٹی کے 4 ارکان
چیئرمین راجہ خرم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں حمایت کرنے والے : انجم عقیل، نوشین افتخار، ملک بشیر اعوان، شہباز بابر، خواجہ اظہار الحسن، خوشحال خان کاکڑ، حاجی جمال کاکڑ اور رانا انصر۔
مخالفت کرنے والے : آغا رفیع اللہ، عبدالقادر پٹیل، جمال رئیسانی اور نبیل گبول نے ایئرپورٹ سے ویڈیو لنک کے ذریعے ووٹ دیا۔
پیپلزپارٹی کا اختلافی نوٹ
پیپلزپارٹی کے ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ بار قانون سازی کا مقصد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنا محسوس ہوتا ہے۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا:
– مسلسل ترمیمی بلز اور آرڈیننس لانا انتخابی عمل میں رکاوٹ بن رہا ہے
– جب بھی الیکشن کمیشن انتخابات کی جانب پیش رفت کرتا ہے، نیا ترمیمی بل سامنے آ جاتا ہے۔
– آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت مقامی حکومتوں کو سیاسی اور مالی اختیارات کی منتقلی لازمی ہے
– اسلام آباد کے شہری کئی سال سے منتخب بلدیاتی نمائندوں سے محروم ہیں۔
پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ ترمیمی بل کا دوبارہ جائزہ لیا جائے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ اس کا مقصد بلدیاتی انتخابات میں مدد ہے یا نیا قانونی روڑا۔
امن و امان اور منشیات پر بریفنگ :
کمیٹی اجلاس میں اسلام آباد کی امن و امان کی صورتحال، سائبر جرائم، جعلی کالز، غیر رجسٹرڈ سمز، مالی فراڈ، سیف سٹی منصوبہ اور منشیات کے بڑھتے استعمال پر بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے تھانوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ لوگوں کے مقدمات درج نہیں ہوتے۔ منشیات فروش شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ پولیس کا ساتھ دینے والوں کوبھی تحفظ نہیں مل رہا۔
ڈی جی سیف سٹی ڈی آئی جی محمد ہارون جوئیہ نے بتایا کہ سیف سٹی نے 132 مختلف گینگ گرفتار کیے ہیں اور گزشتہ دنوں کے آڈٹ میں 28 فیصد کرائم کم ہوا ہے ۔
رکن کمیٹی خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ تفصیلات فراہم کی جائیں کہ کونسا کرائم کم ہوا۔ کمیٹی چیئرمین نے کرائم سے متعلق ڈیٹا آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے بتایا کہ گزشتہ 2 سال 8 ماہ میں منشیات کے خلاف 1200 مقدمات درج ہوئے۔ منشیات فروشی پنڈوریاں، شہزاد ٹاؤن اور بنی گالہ میں زیادہ عام ہے لیکن 57 منشیات فروش اپنا علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔
چیئرمین نے ہدایت کی کہ لمبے عرصے سے ایک ہی جگہ پر تعینات افسران کو تھانوں سے تبدیل کیا جائےاور کہاجو بھی کرنا ہے کریں مگر منشیات کا اسلام آباد سے خاتمہ کرنا ہو گا۔
دیگر ہدایات
اسلام آباد کے کچھ موضعات کاریکارڈ راولپنڈی محکمہ ریونیو کے پاس ہونے کے معاملے پر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو آئندہ اجلاس میں قابل عمل حل سمیت پیش ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔































