اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے ناکے پر شہری سے رشوت طلب کرنے والے کانسٹیبل بیام کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہاہے کہ کانسٹیبل کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اہلکار قانون سے بالاتر نہیں۔ بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اسلام آباد پولیس کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور وردی کی آڑ میں بدعنوانی ناقابلِ برداشت ہے۔
قاضی علی رضا کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے اہلکاروں کے لیے اسلام آباد پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ اسلام آباد پولیس میں احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رہے گا اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔































