اسلام آباد(ویب ڈیسک)کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آبادبھرمیں ڈینگی کی روک تھام کے لئے جامع آپریشنز مزید تیز کر دیئے ہیں۔
سی ڈی اے کے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں تقریباً 300 فیلڈ اہلکار ڈینگی مچھر کی افزائش کے خاتمے اورکنٹرول کی بھرپور کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں 600 سے زائد اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فیلڈ ٹیمیں بڑے پیمانے پر سرویلنس، افزائشی مقامات کی نشاندہی اور ان کے فوری خاتمے کے لئے اقدامات کر رہی ہیں۔
شہری اسلام آباد میں تقریباً 12 لاکھ 40 ہزار 440 سرویلنس سرگرمیاں انجام دی گئی ہیں۔ اس دوران 5 لاکھ 82 ہزار 680 گھروں اور 40 لاکھ 6 ہزار 378 اندرونی کنٹینرز کی جانچ کی گئی۔ اندرونی کنٹینرز سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 42 ہزار 379 لاروا تلف کیے گئے، جبکہ میونسپل حدود میں 40 ہزار 54 افزائشی مقامات کی نشاندہی کی گئی۔
مجموعی طور پر شہری علاقوں میں 1 لاکھ 42 ہزار 379 جبکہ دیہی علاقوں میں 66 ہزار 758 لاروا کی نشاندہی اور تلفی کی گئی۔ رہائشی علاقوں، تجارتی مقامات اور پہلے سے نشاندہی شدہ حساس مقامات پر ڈینگی کے افزائشی مقامات کو مکینیکل طریقوں اور مناسب لاروا کنٹرول اقدامات کے ذریعے ختم کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے کی ٹیمیں ہائی رسک علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ جمع شدہ پانی، رہائشی علاقوں، تجارتی مقامات، خالی پلاٹوں اور مچھروں کی افزائش کے دیگر ممکنہ مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
عوام سے اپیل:
سی ڈی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فیلڈ ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے گھروں، چھتوں، باغیچوں، گملوں، مختلف برتنوں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔ ڈینگی کی مؤثر اور مستقل روک تھام کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔































