اسلام آبا(ویب ڈیسک) حکومت پاکستان نے ایندھن کی بچت اور اضافی کفایت شعاری کے اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق احکامات جاری کر دئیےہیں۔سرکاری گاڑیوں میں پٹرول پر50%کٹ،مارکیٹس 9 بجے بندہونگی۔نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابند عائد کردی گئی ہے۔
کمیٹی کی سفارشات پر غور کے بعد کفایت شعاری اور ایندھن بچت کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
1۔ سرکاری گاڑیوں کے لئے ایندھن میں 50 فیصد کمی:
سرکاری گاڑیوں کے لئے تین ماہ کے عرصے تک ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ اقدام قابلِ اطلاق نہیں ہوگا۔
2۔ نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی:
مالی سال 2026-27 کے پورے عرصے کے لیے نان ای آر ای بجٹ میں 5 فیصد کمی کی جائے گی، جس کی کٹوتی ماہانہ بنیادوں پر کی جائے گی۔
یہ اقدام بیرون ملک پاکستانی مشنز اور ان مشنز میں تعینات تمام پیشہ ورانہ گروپس یا سروسز سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکاروں پر بھی لاگو ہوگا۔ تاہم ان کے رہائش کے کرایوں، تعلیمی فیس اور طبی سہولیات سے متعلق واجبات پورے کیے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ اقدام قابلِ اطلاق نہیں ہوگا۔
3۔ گاڑیوں کی خریداری پر پابندی:
تمام اقسام کی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
4۔ پائیدار اشیاء کی خریداری پر پابندی:
تمام پائیدار اشیاء کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی، آئی ٹی سے متعلق خریداری اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
5۔ بیرون ملک دوروں اور سفر پر پابندی:
تین ماہ کے لیے بیرون ملک تمام سرکاری دوروں اور سفر پر مکمل پابندی ہوگی، حتیٰ کہ لازمی نوعیت کے دورے بھی اس پابندی کے دائرے میں ہوں گے، تاہم اسکالرشپس کے تحت پیش کیے جانے والے دورے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
































