لندن (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان استحکام سے سرمایہ کاری اور خودمختار بحالی سے وسیع تر سرمایہ تشکیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وہ لندن میں جے پی مورگن کی ایمرجنگ اینڈ فرنٹیئر مارکیٹس مواقع کانفرنس میں خصوصی نشست سے خطاب کررہے تھے جس میں انہوں پاکستان کی معیشت کو درپیش بیرونی دباؤ، میکرو اکنامک استحکام اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔
وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام میں پاکستان کی پیش رفت اور سرمایہ کاری، برآمدات اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کی جانب حکومتی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس میں 55 عالمی سرمایہ کاری فنڈز نے پاکستانی وفد کے ساتھ ون آن ون ملاقاتوں اور سرمایہ کار سیشن میں شرکت کی، جن میں پاکستان کی معاشی سمت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جے پی مورگن پاکستان کے سی ای او امین خواجہ بھی موجود تھے۔
حکومت کی معاشی سمت واضح کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے 6 ترجیحات بتائیں جن میں میکرو اکنامک استحکام کو پائیدار بنانا، استحکام سے پیداواری صلاحیت اور برآمدات پر مبنی ترقی، ساختی اصلاحات کا تسلسل، امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقلی، مالی وسائل تک رسائی میں توسیع اور ڈیجیٹلائزیشن، بلاک چین اور ویب 3.0 کے لئے تیاری شامل ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں میکرو اکنامک استحکام کی بحالی بنیادی ترجیح تھی، مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے، مہنگائی اور قرض انتظام میں نمایاں پیش رفت ہوئی۔ مالی سال 2026 میں جی ڈی پی نمو 3.7 فیصد تک بحال ہوئی، مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد پر آ گیا جو کئی برسوں کی کم ترین سطح ہے اور مسلسل تیسرے سال پرائمری سرپلس ریکارڈ ہوا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے زرمبادلہ ذخائر میں اضافے، ترسیلات زر میں بہتری، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے کردار اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات پر روشنی ڈالی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے پانڈا بانڈ اور 3 ارب ڈالر کے دو حصوں پر مشتمل یورو بانڈ کے ذریعے عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ حکومت ایکویٹی، کارپوریٹ ڈیٹ اور اسلامی فنانس مارکیٹس کو مضبوط بنا رہی ہے جبکہ پی آئی اے، ڈسکوز، مالیاتی اداروں اور ائیرپورٹس کی نجکاری اور نیشنل پرائیویٹ ایکویٹی فریم ورک پرتیزی سے کام جاری ہے۔

































