اسلام آباد(ویب ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے چھوٹے کاروباروں کے لئے شریعہ کمپلائنٹ ڈیجیٹل فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق چھوٹے کاروباری افراد کو ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے 30 لاکھ روپے تک فنانسنگ مل سکے گی۔ "شامل کار تاجر” ایپ سے منظور شدہ سپلائرز سے کاروباری سامان خریدنے کے لئے فنانسنگ حاصل کی جا سکے گی۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی ڈیجیٹل فنانسنگ سہولت سے چھوٹے کاروباروں کوباضابطہ کریڈٹ نظام تک رسائی ملے گی۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن سے فنانسنگ سے محروم کاروباروں کوقرضوں کی فراہمی ممکن بنائیں گے اور ڈیجیٹل فنانسنگ بڑھانے کے ساتھ ساتھ صارفین کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہے ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق پچھلے ایک سال میں نان بینکنگ کمپنیوں نے چھوٹے کاروباروں کو 253 ارب روپے کے قرض فراہم کئے جبکہ ایک سال کے دوران 25 لاکھ افراد کو چھوٹے کاروباروں کے لئے فنانسنگ فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کومذیدفروغ ملے۔

































