راولپنڈی (ویب ڈیسک) سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کے بعد ریاست پاکستان اور پاک فوج کا دو ٹوک اور واضح موقف سامنے آ گیا۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہاہے کہ پاکستان عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کے لیے وہاں موجود ہے اور ہم سفارتی لحاظ سے بھی ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کے لئے کسی حد تک بھی جانے کے لئے مکمل تیار ہیں، سعودی عرب کو دفاع کے لیے جس طرح کی بھی مدد درکار ہو گی ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب میں موجود ہے اور ہم سعودی عرب کی مدد جاری رکھیں گے، یہ واضح ہونا چاہیے کہ پاکستان کی عوام سعودی عرب کے بھائیوں بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اس میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا دفاع کرتے رہیں گے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مسلسل سعودی قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان سنجیدگی اور خلوص کے ساتھ خطے کے ممالک اور شراکت داروں کے تعاون سے اس پیچیدہ صورتحال کا پرامن اور مذاکراتی حل تلاش کر رہا ہے، پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے بلکہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت بھی جو وعدے اور عزم کیے ہیں ان کی پاسداری کی جا رہی ہے۔

































