حق مہر سے متعلق سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، جائیداد منتقل نہ ہونے پربھی بیوی کا حق ختم نہیں ہوگا۔

اسلام آبا(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے حقِ مہر اور نکاح نامے سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قراردیاہے کہ جائیداد منتقل نہ ہونے پربھی بیوی کا حق ختم نہیں ہوگا۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں چار رکنی بینچ کاتفصیلی فیصلہ جاری کردیاگیاہے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ جائیداد منتقل نہ ہونے پر بھی بیوی کا حقِ مہر ختم نہیں ہوگا، بطور مہر طے جائیداد منتقل نہ ہو سکے تو شوہر ذمہ داری سے بری نہیں ہوگا اور جائیداد کی طے شدہ قیمت بیوی کو ادا کرنا ہوگی۔

عدالت نے کہا کہ نکاح نامے میں قیمت درج نہ ہو تو عدالت مارکیٹ ویلیو کا تعین کر سکتی ہے، نکاح محض عام سول یا تجارتی معاہدہ نہیں بلکہ اپنی نوعیت کا منفرد قانونی ادارہ ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق حقِ مہر بیوی کی قیمت یا شادی کا تجارتی معاوضہ نہیں، حقِ مہر بیوی کا لازمی، خصوصی اور قابلِ نفاذ مالی حق ہے۔ نکاح ایجاب و قبول سے وجود میں آتا ہے جبکہ نکاح نامہ اس کا سرکاری ریکارڈ اور بنیادی دستاویزی ثبوت ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ نکاح نامے کے اندراجات درست ہونے کا قانونی مفروضہ ہوگا تاہم یہ مفروضہ حتمی نہیں، مضبوط شواہد سے رد کیا جا سکتا ہے، مبہم یا متضاد اندراجات کی صورت میں عدالت دیگر قابلِ قبول شواہد دیکھ سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ نکاح نامے کے کالم 13 سے 16 کو باہم مربوط انداز میں پڑھا جائے گا، کالم 13 میں حقِ مہر نقد یا جائیداد دونوں کی صورت میں درج ہو سکتا ہے، کالم 14 معجل اور مؤجل مہر، کالم 15 ادا شدہ مہر سے متعلق ہے جبکہ کالم 16 میں حقِ مہر کے عوض دی گئی جائیداد کی تفصیل درج ہوگی۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے فیصلے سے اتفاق کرتے ہوئے الگ اضافی نوٹ تحریر کیا، انہوں نے کہا کہ فریقین کی نیت کا تعین بنیادی طور پر نکاح نامے سے کیا جائے، بعد کے زبانی دعوؤں کو نکاح نامے پر فوقیت نہیں دی جانی چاہیے۔

جسٹس شاہد بلال حسن نے ہدایت کی کہ نکاح نامہ لازمی قانونی فارم ہے، ہر کالم کا الگ مقصد ہے، نکاح رجسٹرار تمام متعلقہ کالم احتیاط سے مکمل کریں، جائیداد بطور مہر ہو تو مکمل تفصیل اور قیمت درج کی جائے، اہم شرائط دستخط سے پہلے فریقین کو پڑھ کر سنائی جائیں اور کسی کالم کو بلاوجہ خالی نہ چھوڑا جائے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ انفرادی مقدمات میرٹ پر الگ بینچز سنیں گے۔

مزیداسی طرح کی
Related

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد

راولپنڈی (ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 راولپنڈی ضلع میں دفعہ 144...

خیبرپختونخوا پولیس کوہنگامہ آرائی اوراحتجاج سے نمٹنے کے لئے آپریشنل ہدایات جاری

پشاور(ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 صوبہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہنگامہ...

13 سال میں خیبر پختونخوا کا جوحشر پی ٹی آئی نے کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔وزیرااعات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ...

تازہ ترین