پٹرولیم لیوی کے خلاف لانگ مارچ کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے،حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں اور احتجاج میں مزید وسعت آئے گی، لانگ مارچ کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، وزیراعظم کی درخواست پر مارچ کو چند روز کے لیے روکا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر میاں محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، قائمقام امیر پنجاب شمالی اقبال خان اور امیر راولپنڈی عارف شیرازی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہباز شریف کی وطن واپسی پر ملاقات میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو قافلے اسلام آباد کی جانب چل پڑیں گے۔ بہتر یہی ہے لیوی ختم کردی جائے بصورت دیگر عوام حکومت گرانے کے لیے نکل پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجہ میں عوام میں شعور بیدار ہوا ہے۔ لیوی پر عوامی آگاہی سے قبل جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت کو ان سے بات کرنے پر مجبور کیا جس سے قومی خزانہ کو ساڑھے چار ہزار ارب کا فائدہ ہوا۔ بدقسمتی سے ملک کی سیاسی پارٹیاں عوامی مسائل پر آواز نہیں اٹھاتیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے لیوی کے خلاف پانچ سو دس مقامات پر سڑکیں بند کرکے جدوجہد کا آغاز کیا، سولہ اگست سے دھرنوں کا آغاز ہوا جو ملک کے بیالیس مقامات پر دیے گئے، اسی دوران حکومت سے مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے، حکمرانوں کو قابل عمل تجاویز دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بتایا کہ شرح سود صرف تین فیصد کم کرنے سے خزانہ کو پندرہ سو ارب سے زائد کا فائدہ ہوگا، حکمران اپنی مراعات اور عیاشیاں ختم کریں، گیارہ ارب کے جہاز میں سفر کرنے کی بجائے تیرہ سو سی سی گاڑیاں استعمال کریں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں، آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی ادائیگیاں بند کی جائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام پٹرول کے ایک لٹر پر ایک سو چالیس روپے کے قریب ٹیکس ادا کررہے ہیں، یہ ظلم اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت پرائیویٹ بنکوں سے ستتر فیصد قرض لیتی ہے اور ساڑھے گیارہ فیصد سود کی شرح سے بجٹ میں بنکوں کو ساڑھے آٹھ ہزار ارب کے لگ بھگ ادائیگیاں ہوتی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم سے ٹیلی فون گفتگو میں واضح کردیا ہے کہ جماعت اسلامی احتجاج اور لانگ مارچ کے حق سے اس وقت تک دستبردار نہیں ہوگی جب تک لیوی ختم نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم سے ملاقات کے فوری بعد صورتحال واضح ہوجائے گی۔اسوقت تک احتجاج جاری رہے گا۔

مزیداسی طرح کی
Related

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، ہر قسم کے جلسے جلوس اور اجتماعات پر پابندی عائد

راولپنڈی (ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 راولپنڈی ضلع میں دفعہ 144...

خیبرپختونخوا پولیس کوہنگامہ آرائی اوراحتجاج سے نمٹنے کے لئے آپریشنل ہدایات جاری

پشاور(ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 صوبہ خیبر پختونخوا پولیس نے ہنگامہ...

13 سال میں خیبر پختونخوا کا جوحشر پی ٹی آئی نے کیا اسکی مثال نہیں ملتی۔وزیرااعات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) 10 اکتوبر 2026 وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ...

تازہ ترین