اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کی مجموعی صورتحال، شہری سہولیات اور صفائی و خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور تمام تجاوزات کو بلاامتیاز فوری طور پر ہٹایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے کے احکامات بھی دیے اور کہا کہ شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ہر لحاظ سے کیپٹل سٹی نظر آنا چاہیے، اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات اس کے شایان شان ہونی چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی بیوٹیفیکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کئے جائیں۔
چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔
































