راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کی مصروف ترین شاہراہ مری روڈ پر بلیک لگژری گاڑی سوارنعیم کی شناخت پولیس نے مکمل کرلی گئی ہے۔شہری کوبونٹ پراٹھائے،موٹرسائیکل گھسیٹتا ہواپولیس سے ڈرکربھاگا،نیو ٹاون تھانہ میں مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔
سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج کرا دیاہے۔
ملزم نعیم کی ویڈیوکے مطابق سیاہ رنگ کی لگژری گاڑی کے بونٹ پرایک شخص موجود ہے اور اسکی پرواہ کئے بغیر گاڑی دوڑا رہا ہے۔اس دوران گاڑی کے اگلے پہیے میں موٹر سائیکل پھنسی ہوئی ہے جو سڑک سے رگڑ کھانے پر چنگاریاں نکال رہی ہے۔ گاڑی کا اگلا اور پچھلا حصہ بھی حادثے کے باعث بری طرح ٹوٹ پھوٹ کاشکارہوگیاتھا۔
پولیس کے مطابق واقعہ 26 ستمبر کی شب تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے مری روڈ پر پیش آیا۔ نعیم نامی شہری بلیک لگژری گاڑی میں چاندنی چوک سے فیض آباد کی جانب جا رہا تھا کہ اس نے آگے جانے والی سفید کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی اور روکے بغیر فرار ہونے لگاتوسفید کار سوار بلال نامی شہری نے کچھ فاصلے پرجا کر اسے روک لیا۔ پکڑے جانے کےڈرسےبلیک گاڑی کے ڈرائیور نے شیشے بند کر کے خود کو گاڑی کے اندر لاک کر لیااور گاڑی بھگانے کی کوشش کی۔ اسی دوران بلال گاڑی روکنے کے لئے بونٹ پر چڑھ گیالیکن ڈرائیور اسی حالت میں گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
فرار کے دوران سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل گاڑی کی ٹکر سے اس کے پہیے میں پھنس گئی اور کافی دور تک سڑک پر گھسٹتی رہی، جس سے آگ کی چنگاریاں نکلتی رہیں۔
واقعے کی اطلاع سیف سٹی اور ون فائیو پر موصول ہوئی، جس پر ڈیوٹی آفیسر موقع پر پہنچا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر دونوں فریقین نے آپس میں صلح کر لی تھی اور کارروائی سے انکار کیا تھا۔ تاہم دو روز بعد ویڈیو وائرل ہونے پر سی ٹی او راولپنڈی نے نوٹس لیا۔
ٹریفک پولیس کے سرکل انچارج مری روڈ علی رفیق کی سربراہی میں ٹیم نے سیف سٹی کیمروں اور ویڈیو کی مدد سے لگژری گاڑی سوار کو ٹریس کیا۔ سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی مدعیت میں غفلت اور خطرناک ڈرائیونگ پر تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم ملزم کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔
چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کا کہنا ہے کہ شاہراہوں پر دوسروں کی جان خطرے میں ڈال کر ڈرائیونگ کرنا سنگین جرم ہے،ایسے عناصر سے کے لئے زیروٹالرینس ہے۔

































