راولپنڈی(کرائم رپورٹر) ڈیجیٹل ڈئزائنرحناجاویدقتل میں پولیس تفتیش پرعدم اعتماد اور مبینہ ملی بھگت کی خبر پر نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نےہائی پاورڈ تحقیقاتی کمیٹی بنادی،سی سی ڈی سربراہ سہیل ظفرچٹھہ کو زمہ داری دیکرانہیں ازسر نوتفتیش کا حکم دیدیاگیاہے۔بتایاگیاہے کہ کمیٹی کی سربراہی ڈی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کریں گے جبکہ کمیٹی میں ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سیف اللہ شامل ہیں۔
ہائی پاورڈ کمیٹی حنا جاوید قتل کیس کی تفتیش کا ازسرنو جائزہ لے گی۔ سہیل ظفر چٹھہ کی سربراہی میں کمیٹی رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ بھی کرے گی اورجائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی اور اب تک کی تفتیش کا جائزہ لے گی۔
راولپنڈی پولیس نے حنا جاوید قتل کیس کے فرانزک نمونوں کی رپورٹس وصول کر لی ہیں، جن میں پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے۔
بتایا جاتا ہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بنائی گئی ہائی پاورڈ کمیٹی نے مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ سے رابطہ کر لیا ہے۔
ڈیجیٹل ڈیزائنرحنا جاوید کو 21 اگست کوانکے گھر میں نہایت بیدردی اور سفاکیت سے قتل کیا گیا تھا۔جس کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج کیاگیاتھا۔مقدمہ میں مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشدکونامزد کیاگیاتھا جو اسوقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔مقتولہ کے اہل خانہ نے راولپنڈی پولیس کی تفتیش پرعدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کودو خطوط لکھے تھے۔جس میں انہوں واضح طور پر انکشاف کیا تھاکہ اس کیس میں ملزم شوہر کو بچانے کے لئے ساراملبہ ملازم پر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

































