اسلام آباد (ویب ڈیسک) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مائیکرو فنانس اور ہاؤسنگ قرضوں کی حد 50 لاکھ روپے تک بڑھانے کی تجویز دے دی۔
بتایا گیاہےکہ تما م تصیلات مجوزہ ترامیم شراکت داروں کی مشاورت کے لئے جاری کر دی گئی ہیں جن کے تحت مائیکرو فنانس قرض کے لئے سالانہ آمدن کی حد بھی بڑھانے کی تجویزہے۔
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق مجوزہ ترامیم شراکت داروں کی مشاورت کے لیے جاری کر دی گئی ہیں۔ مائیکرو فنانس قرض کے لیے سالانہ آمدن کی حد 12 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کرنے کی تجویز ہے۔ چھوٹے کاروباروں کے لیے سالانہ ٹرن اوور کی زیادہ سے زیادہ حد 15 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ درمیانے کاروباروں کے لیے سالانہ ٹرن اوور کی زیادہ سے زیادہ حد 80 کروڑ سے بڑھا کر 2 ارب روپے کرنے کی تجویز ہے۔
ایس ایم ای کی مجوزہ حدود اسٹیٹ بینک کی حالیہ تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہیں۔ مجوزہ ترامیم کا مقصد مائیکرو فنانس، ہاؤسنگ فنانس اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کے لیے قرض تک رسائی کے دائرہ کار کو وسیع کرنا ہے۔

































