اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے بعدکرغزستان سے واپسی پر پمز آتشزدگی پر ہنگامی اجلاس منعقد کیااور کہاکہ مجرمانہ غفلت پر کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
وزیر صحت اور سیکریٹری صحت کو متبادل دنوں میں پمز میں ذاتی موجودگی کی ہدایت کرکے اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا حکم دیاہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کرغستان سے واپس پہنچتے ہی وزارت صحت کے امور اور پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری ہیلتھ کپٹن (ر) محمد محمود اور پمز ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان شریک تھے۔
بریفنگ اورتحقیقات
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو شعبہ صحت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ پمز آتشزدگی واقعے کے حوالے سے جاری تحقیقات پر خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیرِ اعظم کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایات
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ "مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی”۔
انہوں نے وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ دونوں متبادل دنوں میں پمز ہسپتال میں اپنی ذاتی موجودگی کو یقینی بنائیں اور اپنی نگرانی میں ہسپتال کی بہتری کے لیے اقدامات پر عملدرآمد کروائیں۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پمز ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کی بہتری اور تمام تر حفاظتی اقدامات کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر وزیرِ اعظم نے شعبہ صحت میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔































